جالندھر، 13/نومبر(آئی این ایس انڈیا/ ایس او نیوز)ملک میں بڑے نوٹوں کے چلن کوبند کئے جانے کے بعد بینکوں میں عوام کی سہولت کے لیے کاؤ نٹر بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی کی ایک سینئر لیڈر نے آج یہاں کہا کہ بغیر تیاری کے ہی حکومت نے یہ اعلان کر دیا ہے اور حکومت کے اس فیصلے نے عوام کو بھکاری بنا دیا ہے۔مرکز میں حکمران بی جے پی کی سابق نائب صدر لکشمی کانتا چاولہ نے آج یہاں بیان جاری کرکے کہا کہ ملک میں کالے دھن کے بہاؤ کو بند کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے 1000 اور500 روپے کے نوٹوں کو بند کرکے ایک اچھا کام کیا ہے، لیکن ملک کی موجودہ صورت حال کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ حکومت ابھی اس فیصلے کے لیے پوری طرح تیار نہیں تھی۔لکشمی کانتا نے کہاکہ حکومت نے بغیر تیاری کے ہی اس فیصلہ کا اعلان کر دیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ حکومت کو پہلے بینکوں میں کافی مقدار میں نوٹوں کی فراہمی کرانی چاہیے تھی اور اس کے بعد موجودہ نوٹوں کے چلن کو ختم کیاجاتا۔بی جے پی کی اس لیڈر نے کہاکہ جن لوگوں کا پیسہ بینکوں میں جمع ہے، انہیں ان کی ضروریات کے مطابق رقم ملنے کاانتظام بینکوں میں ہونا چاہیے تھا۔ایک دن میں چار ہزار کے فیصلے نے عوام کو بھکاری بنا دیا ہے، کیونکہ انہیں روزانہ لائن میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ بینکوں میں اور زیادہ تعداد میں کاؤنٹر ہونے چاہئیں۔کافی تعداد میں نوٹ، خاص طورپر چھوٹے نوٹ ہونے چاہئے، تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس کے علاوہ ہر دن دی جانے والی رقم بھی کم از کم دس ہزار ہونی چاہیے۔